ہوناور، یکم مئی (ایس او نیوز) ہوناور کے سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر منجو ناتھ شیٹی کے خلاف ڈی ایچ او (ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر) کے پاس شکایت کرنے والے مریضہ کے بیٹے کو مقامی ایم ایل اے دینکر شیٹی نے بھری محفل میں لتاڑا اور کہا کہ سرکاری اسپتال کی خدمات سے اطمینان نہیں ہے تو پھر پرائیویٹ اسپتال میں اپنی ماں کا علاج کرے۔
دراصل ایم ایل اے دینکر شیٹی ہوناور کے سرکای اسپتال میں آروگیہ میلہ کا افتتاح کرنے کے لئے جب پہنچے تو یہ واقعہ پیش آیا ۔ کچھ دن پہلے ہلدی پور کے رہنے والے منجو ناتھ مقری نے ہوناور سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر منجو ناتھ شیٹی کے خلاف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے شکایت کی تھی کہ ان کی والدہ کا علاج ٹھیک طریقہ سے نہیں کیا جا رہا ہے ۔ اس کے پاس آیوشمان کارڈ رہنے کے باوجود ڈاکٹر منجو ناتھ شیٹی خون وغیرہ کی جانچ پرائیویٹ لیباریٹری سے کرواتے ہیں ۔ منجو ناتھ مقری نے یہی بات ایم ایل اے دینکر شیٹی کے علم میں بھی لانے کی کوشش کی تو ایم ایل اے کا پارہ چڑھ گیا ۔ اور انہوں نے منجوناتھ مقری کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ مجھے تمہاری تاریخ معلوم ہے ۔ تم وکیل کی طرح بحث نہ کرو اگر یہاں پریشانی ہے تو پرائیویٹ اسپتال میں ہی جا کر علاج کروالینا۔
ایم ایل اے کی بات پر متاثرہ شخص نے کہا کہ آروگیہ کارڈ رہنے کی وجہ سے ہم لوگ سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے آتے ہیں ۔ مگر یہاں کے ڈاکٹر علاج کے لئے رقم طلب کرتے ہیں ۔ ہم غریب لوگ ہیں، پرائیویٹ علاج کے لئے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، اس نے اپنے تمام کاغذات دکھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایوشمان کارڈ کے تعلق سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر ہماری طرف سے کوئی غلطی ہوئی تو ہمیں تین سال جیل کی سزا اور پچاس ہزار روپیہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، متاثرہ شخص نے ایم ایل اے سے سوال کیا کہ اگر غلطی ڈاکٹر کی طرف سے ہو تو اُس کے لئے کیا سزا ہوگی ؟ مگر ایم ایل اے نے پرائیویٹ اسپتال جانے کی بات کہتے ہوئے اپنا پلّہ جھاڑ لیا۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے منجوناتھ مقری نے بتایا کہ ہم اپنی شکایتوں کو لے کر رکن اسمبلی کے پاس نہیں جائیں گے تو پھر کہاں جائیں گے ایسے میں ایم ایل اے خود ہم کو پرائیویٹ اسپتال میں جانے کے لئے کہتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں اور لیباریٹریز کے ساتھ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں اور ایم ایل اے کی ملی بھگت ہے ۔ منجوناتھ نے بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں ۔ پرائیویٹ علاج کے لئے پیسے کہاں سے لائیں گے اس نے کہا کہ جب تک مجھے انصاف نہیں ملے گا ، میں خاموش نہیں رہوں گا ۔